لکھنؤ، 25؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )یوپی حکومت کابینہ وزیر گایتری پرجاپتی پر عصمت دری کے الزام کے معاملے میں ہفتہ کو متاثرہ لکھنؤ کورٹ میں قلمبند بیان درج کرایا، اس کے بعد عدالت نے متاثرہ کو پولیس سیکورٹی بھی مہیا کرائی ہے۔غور طلب ہے کہ ایک خاتون نے گایتری پرجاپتی پر الزام لگایاتھا کہ اس نے اور اس کے 4 ساتھیوں نے میر ا جنسی استحصال کیاہے ، ساتھ ہی بیٹی سے بھی چھیڑ چھاڑ کی جس کی شکایت انہوں نے متعلقہ تھانے سے لے کر ڈی جی پی تک سے کی ،لیکن پولیس کی طرف سے کوئی بھی کاروائی نہیں کی گئی۔الزام ہے کہ اس کے بعد ملزمین اس کو تشدد کا نشانہ بنانے لگے، استحصال کی شکار متاثرہ نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا اور انصاف کی فریادکی۔متاثرہ کی فریاد سن کر عدالت عظمی نے ریاستی حکومت کو پھٹکار لگائی اور فوری طور پر وزیر اور ان کے ساتھیوں کے خلاف پا سکو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی ۔گوتم پلی تھانے میں مقدمہ درج کرکے علاقائی افسر امیتا سنگھ نے معاملے کی جانچ شروع کی،پولیس کے تحفظ میں متاثرہ بیان دینے کے لیے لکھنؤ سی جی ایم کورٹ پہنچی، جہاں متاثرہ نے 164کے تحت اپنا بیان درج کرایا۔متاثرہ نے عدالت سے اپنی اور بیٹی کے تحفظ کا مطالبہ بھی کیا ، جس پر عدالت کی ہدایت سے متاثرہ کو پولیس سیکورٹی فراہم کرائی گئی ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ متاثرہ خاتون کے بیان کے بعد اس کی بیٹی کا بھی بیان کورٹ میں درج کیا جائے گا۔